بھٹکل 29 جولائی (ایس او نیوز)ساحل آن لائن کے یوٹیوب چینل کی حالیہ ہیکنگ کے بعد،جمعہ دیر رات کو ساحل آن لائن انسٹاگرام اکاؤنٹ (Sahionline_bhatkal) کو بھی ہیک کیا گیا ہے۔ اس دوران سب سے زیادہ تشویشناک دریافت یہ ہوئی ہے کہ نامعلوم ہیکروں نے ساحل آن لائن کے مرکزی کمپیوٹر کو ہی ہیک کرلیا ہے اور ایک نامعلوم سافٹ ویئر ساحل آن لائن کے مرکزی کمپوٹر پر آپلوڈ ہوگیا ہے جس کی مدد سے ایک کے بعد دوسرے اکاونٹ کو ہیکرس ہیک کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
یوٹیوب چینل پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، ساحل آن لائن یوٹیوبرز کو پوچھی گئی تمام جانکاریاں فراہم کرچکا ہے، تاہم، یوٹیوب والوں نےابھی تک جواب نہیں دیا ہے کہ ساحل آن لائن کی طرف سے فراہم کردہ معلومات صحیح ہے یا نہیں، یہی وجہ ہے کہ ساحل آن لائن کا یو ٹیوب چینل ابھی تک یوٹیوب والوں نے ساحل آن لائن کے حوالے نہیں کیا ہے، البتہ ای میل کے ذریعے رابطہ جاری ہے۔
ایک طرف یوٹیوب چینل کی رسائی واپس حاصل کرنے کی کوشش جاری تھی کہ ایسے میں جمعہ کی دیر رات قریب دو ڈھائی بجے انسٹا گرام کو بھی ہیک کرنے میں ہیکرس کامیاب ہوگئے ۔ خدشہ ہے کہ جن لوگوں نے بھی انسٹا گرام اکاونٹ کو ہیک کیا ہے وہ لوگ ساحل آن لائن کے سبسکرائبروں کو ساحل آن لائن کے نام سے دھوکہ دے سکتے ہیں۔ قارئین سے درخواست ہے کہ ایسے کسی بھی جھانسے میں نہ آئیں اور ساحل آن لائن کے انسٹا گرام اکاونٹ سے کسی کو بھی کسی طرح کی بھی درخواست موصول ہونے پر اُسے ریسپاونس نہ دیا جائے اور وہ چوکس رہیں۔
ہیک ہونے کا سبب معلوم کرنے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ساحل آن لائن کا مرکزی کمپیوٹر ہی سائبر حملے کا نشانہ بن گیا ہے جس کے نتیجے میں نامعلوم سافٹ ویئر کی تنصیب کے ذریعے نامعلوم ہیکرس ساحل آن لائن کے کمپوٹر کو ہی نامعلوم جگہ پر بیٹھ کر آپریٹ کررہے ہیں جواب میں، ساحل آن لائن کے تکنیکی ماہرین نے مزید دخل اندازیوں کو روکنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات شروع کردئے ہیں۔